اقرار کا مطلب ہو کہ انکار کے معنی
کوئی تو ہو سمجھے مری گفتار کے معنی
اس جیسا کوئی ہو تو کہے اس کی مثالیں
ہو یار سا کوئی تو کرے یار کے معنی
یہ جسم دل و جاں تو ہیں بن مانگے ہی تیرے
پھر کیا ہیں ترے دست طلب گار کے معنی
اک وہ کہ اٹھاتا گیا بنیاد برابر
اک میں کہ سمجھتا گیا دیوار کے معنی
بچپن ہے جوانی ہے بڑھاپا ہے یہ کیا ہے
مرنا ہی اگر ہے تو پھر ادوار کے معنی
پھولوں کو پھلوں کو سر افکار سجایا
یعنی کہ کیے یوں لب و رخسار کے معنی
جاتا ہے تو جاتے ہوئے دل کو بھی جلا جا
جب تو ہی نہ ٹھہرے گا تو گھر بار کے معنی
ہر چیز یہاں اپنے لوازم کی ہے محتاج
صاحب ہی نہ ٹھہرو گے تو دستار کے معنی
اے کاش کہ جس کے لیے کہتا ہوں میں طاہرؔ
وہ مجھ کو بتائے مرے اشعار کے معنی
No comments:
Post a Comment